۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

حوزہ/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر نے خطبہ جمعہ میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ کی نبوت پوری دنیا کے لئے ہے، جس کا سلسلہ قیامت تک جاری و ساری رہے گا امریکہ ہماری خفیہ ایجنسیوں کا محتاج، مگر یہ دو دہائیوں سے ہزارہ برادری کے قاتلوں کو بے نقاب نہ کر سکیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ خالق کائنات کا ملت مسلمہ پر یہ بہت بڑا احسان ہے کہ ہمیں ایسا نبی عطا فرمایا جو تمام انبیاءکے سردار اور رحمت اللعالمین ہیں۔ ان کی نبوت پوری دنیا کے لئے ہے، جس کا سلسلہ قیامت تک جاری و ساری رہے گا۔ یہ بھی خالق کائنات کا ہم مسلمانوں پر احسان ہے کہ ہمارے نبی پر وہ کتاب قرآن مجید نازل ہوئی جو قیامت تک رہے گی۔ اس کتاب الٰہی سے صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ غیر مسلم بھی استفادہ کرتے ہیں۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ کی عترت اہل بیت کو قرآن کی وضاحت ، فصاحت و بلاغت کے لیے منتخب فرمایا، جن کی آخری حجت حضرت امام مہدی علیہ السلام ہیں۔ امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی عالمی حکومت کے قیام کے بعد قیامت برپا ہوگی۔امریکہ جیسا جدید اور طاقتورملک ہماری خفیہ ایجنسیوں کا محتاج ہے مگر یہ خفیہ ایجنسیاں دو دہائیوں سے ہزارہ برادری کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کر سکیں اور نہ ہی ان کو بے نقاب کر سکی ہیں۔

جامع علی مسجد جامعة المنتظر میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے سورہ مریم کی وضاحت جاری رکھتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ پر23 سال کے عرصے میں قرآن مجید نازل ہوتا رہا۔ ظالم لوگ ظلم کرتے وقت یہ بھول جاتے ہیں کہ انہیں موت بھی آۓ گی۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے حقوق اور ان کی بنیادی ضرورتوں کا خیال رکھیں ،انہیں تحفظ فراہم کریں ۔ حضرت عمر ابن خطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہہ کہا کرتے تھے کہ اگر مملکت میں کسی پر بھی ظلم ہوا تو وہ اس کے ذمہ دار ہوں گے مگر افسوس کہ آج کے حکمران عمران خان ہزارہ کے مظلوم مزدوروں کے ورثا سے ملنے کو تیار نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ جیسا جدید اور طاقتورملک ہماری خفیہ ایجنسیوں کا محتاج ہے مگر یہ خفیہ ایجنسیاں دو دہائیوں سے ہزارہ برادری کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کر سکیں اور نہ ہی ان کو بے نقاب کر سکی ہیں۔

حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ عمران خان کاہزار برادری کو بلیک میل کرنے والا کہنا انتہائی قابل مذمت ہے ۔انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ اس سے پہلے بھی پیپلز پارٹی کے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نہ صرف شہداءہزارہ کی شہادت پر کوئٹہ جا چکے ہیں بلکہ اپنے وزیر اعلیٰ اسلم رئیسانی کو بھی انہوں نے ہٹا دیا تھا لیکن لگتا ہے کہ عمران خان بادشاہ سلامت ہیں اور انہوں نے اپنا دورہ کوئٹہ ملتوی کردیا ہے اور الزام عائد کر رہے ہیں کہ مقتولین کے ورثا انہیں میل کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ظلم کو اللہ تعالیٰ بالکل پسند نہیں کرتا ۔وزیراعظم کسی دباؤ کا شکارہیں ،وہ کابینہ میں وہ بات چیت تو کرتے ہیں لیکن کوئی فیصلہ نہیں کر سکتے لیکن انھیں اناپرستی تبدیل کرنا ہوگی۔

وہ کہتے ہیں کہ وہ لوگوں کے دباؤ میں نہیں جائیں گے۔ تو یاد رکھیں ان لوگوں نے آپ کو ووٹ دیئے ہیں ۔ یہ دباؤ اللہ اور اس کے رسول کا سمجھا جائے۔ مدینہ کی ریاست اس طرح نہیں ہوتی کہ عوام کا خیال ہی نہ کیا جائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .